اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہتری کے لیے سیاسی راستہ نکالنے کی کوششیں جاری ہیں اور ملک کے مفاد میں بہتر راستہ سامنے آئے گا۔
اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کو عمرے کی مبارک باد دینے کے لیے آئے تھے، تاہم ملاقات کے دوران اہم سیاسی امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقات کرنے والے حکومتی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے علاوہ رانا ثنا اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی شامل تھے۔
ایاز صادق نے اپوزیشن سے رابطوں کے حوالے سے کہا کہ قومی اسمبلی کے ساتھیوں سے فون پر بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے جو بہتر ہوگا، ان شاء اللہ وہی راستہ نکلے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ امید پر دنیا قائم ہے اور پاکستان کے لیے اللہ تعالیٰ راستے بناتے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ملک کی بہتری کے لیے سیاسی راستہ نکالا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اپنے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ وہ ان کے لیے بھائیوں کی طرح ہیں، جبکہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے ان کے ساتھی اور بھتیجے بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ان کے سیاسی تعلقات سے بڑھ کر ذاتی اور خاندانی روابط ہیں۔
اپوزیشن کے ساتھ بیک ڈور رابطوں سے متعلق سوال پر ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ساتھیوں سے فون پر بات چیت ہوتی رہتی ہے اور پاکستان کے لیے جو بہتر ہوگا، اسی راستے کو اختیار کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے۔ ان کے مطابق ملاقات میں حکومت اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
