12
قلات (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے ضلع قلات کی تحصیل منگچر میں ایس ایچ او علی اصغر نیچاری کو ان کے سرکاری گن مین سلمان سمیت مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایس ایچ او علی اصغر نیچاری نجی گاڑی میں معمول کے گشت کے لیے تھانے سے روانہ ہوئے تھے، جس کے بعد دونوں اہلکاروں سے وائرلیس اور موبائل فون پر رابطہ منقطع ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے قریبی علاقوں اور راستوں کی ناکہ بندی کردی جبکہ دونوں اہلکاروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات اور مغوی اہلکاروں کی تلاش جاری ہے۔
