لندن (پاک ٹوڈے): برطانوی پولیس نے ایران کے خلاف جنگ کے دوران امریکی فورسز کے زیر استعمال رہنے والے فضائی اڈے کے قریب 5 افراد کو حملے کی تیاری کے شبہے میں گرفتار کر لیا۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق پولیس کو رات 12 بج کر 45 منٹ پر 3 مشتبہ گاڑیوں کے حوالے سے اطلاع ملی، جو بظاہر رائل ایئر فورس فیئر فورڈ اڈے کی جانب جا رہی تھیں۔ پانچوں افراد کو ابتدائی طور پر وِلفرڈ کے علاقے میں ایکسپلوزِوز ایکٹ کے تحت جرائم کے شبہے میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ مشتبہ گاڑیوں کے گرد 400 میٹر کا حفاظتی حصار قائم کیا گیا ہے جبکہ فوجی اہلکار ان کا معائنہ کر رہے ہیں۔ احتیاطی اقدام کے طور پر تقریباً 85 گھروں کے مکینوں کو بھی عارضی طور پر دوسرے مقام پر منتقل کیا گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق صورتحال قابو میں ہے، جبکہ بم ناکارہ بنانے والے ماہرین کی جانب سے گاڑیوں کی تلاشی اور معائنہ جاری ہے۔ پولیس نے گرفتار افراد کی قومیت کے حوالے سے کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
رائل ایئر فورس فیئر فورڈ برطانیہ کی ملکیت ہے، تاہم سرد جنگ کے دور سے جاری معاہدے کے تحت اسے امریکہ چلاتا ہے۔ اڈے پر امریکی فضائیہ کے 501ویں کامبیٹ سپورٹ ونگ اور 420ویں ایئر بیس اسکواڈرن کے ہیڈکوارٹرز موجود ہیں۔
برطانوی پولیس کی ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر وکی ایونز نے کہا کہ تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں اور پانچوں افراد بدستور زیر حراست ہیں۔ ان کے مطابق پولیس واقعے کے حالات جاننے کے لیے متعلقہ شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
امریکی فضائیہ کے ترجمان نے بھی کہا کہ امریکی اور برطانوی اہلکار صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اڈے پر موجود افراد کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔
