ملتان (پاک ٹوڈے): جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر اسلام آباد دھرنا اور لانگ مارچ عارضی طور پر مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی وطن واپسی پر ان سے ملاقات کی جائے گی، تاہم پیٹرولیم لیوی پر ریلیف نہ ملنے کی صورت میں اکتوبر میں دوبارہ احتجاج کیا جائے گا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی احتجاج اور لانگ مارچ سے دستبردار نہیں ہوئی۔ دھرنے اور احتجاجی کیمپ جاری رہیں گے جبکہ کارکن میدان میں موجود رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشاورت کے بعد وزیراعظم کی درخواست پر ان سے ملاقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اگر ملاقات میں پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر ریلیف مل گیا تو معاملہ آگے بڑھ سکتا ہے، بصورت دیگر اکتوبر کے پہلے ہفتے یا عشرے میں احتجاج دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے حافظ نعیم الرحمن سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے اسلام آباد میں دھرنا مؤخر کرنے کی درخواست کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت مشکل معاشی حالات میں کم آمدنی والے اور متوسط طبقے کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف فراہم کر رہی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد ملاقات اور معاملے پر مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں۔
