پشاور (پاک ٹوڈے): مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران مذاکرات کو مکمل موقع دیا گیا، تاہم وزیراعظم اتنے بے بس ہیں کہ اپوزیشن لیڈر سے ملاقات تک نہیں کر پا رہے، جبکہ سیاسی پیش رفت سامنے آتے ہی حکومتی صفوں میں بوکھلاہٹ نظر آنے لگتی ہے۔
اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ اگر مخالفین کے پاس عدالتی احکامات ہیں تو پی ٹی آئی کے پاس آئین پاکستان کی طاقت موجود ہے۔ ان کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق متعدد فیصلے دیے، تاہم ان پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو اپنے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے تاکہ عدالت کی ساکھ اور وقار بحال رہے۔ شفیع جان کے مطابق عدالتی فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کے حوالے سے قانونی ٹیم سے مشاورت جاری ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے رابطہ رہتا ہے، جبکہ دوسری جانب پریس کانفرنسوں میں سخت بیانات دیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی نے ہمیشہ پرامن راستہ اختیار کیا ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ 27 ستمبر کو عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکلے گی اور ان کے مطابق احتجاج میں 20 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوں گے۔ خیبرپختونخوا کا مرکزی قافلہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ لانگ مارچ کے لیے فول پروف تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور چار متبادل حکمت عملیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق احتجاج کا حتمی لائحہ عمل مقررہ تاریخ سے تین روز قبل سامنے لایا جائے گا۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ اس بار ایسی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ انہوں نے پنجاب کی حکمرانی کو وفاق کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز لاہور، کراچی، حیدرآباد سمیت دیگر بڑے شہروں کی اہم شاہراہوں پر پرامن دھرنے دے کر ملک گیر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔
مشیر اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخوا سے روانہ ہونے والے مرکزی کنٹینر کی ڈرائیونگ سیٹ پر سہیل آفریدی خود موجود ہوں گے، جبکہ کنٹینر پر آزادی کے عزم سے متعلق واضح پیغام درج ہوگا۔
