اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان نے امریکہ اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ اسلام آباد کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کے تحت مذاکرات کی میز پر واپس آئیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان موجود عدم اعتماد کے باعث معاہدے پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے یہ بات جمعرات کو ابوظہبی سے شائع ہونے والے ایک انگریزی روزنامے کو دیے گئے انٹرویو میں کہی۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان بداعتمادی اب بھی برقرار ہے، جس کے باعث اسلام آباد کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد رک گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستانی سفیر کے مطابق خطے میں کشیدگی کم کرنے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور دونوں فریقوں کو مذاکرات کے ذریعے اختلافات حل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔
