پشاور (پاک ٹوڈے): خیبر میڈیکل کالج پشاور میں افغان میڈیکل طلبہ کے حق میں احتجاج ریکارڈ کیا گیا، جس میں میڈیکل طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے افغان طلبہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر افغان میڈیکل طلبہ کو پاکستان میں اپنی تعلیم جاری رکھنے دینے کے مطالبات درج تھے۔
احتجاجی طلبہ کا کہنا تھا کہ افغان میڈیکل طلبہ کئی سال سے پاکستان میں زیرِ تعلیم ہیں، ایسے میں ان کی تعلیم ادھوری چھوڑ دینا ناانصافی کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغان طلبہ کو اپنی میڈیکل تعلیم مکمل کرنے کا موقع دیا جائے۔
مظاہرین نے لاہور ہائیکورٹ کے اس فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا جس میں پنجاب کے میڈیکل کالجز کو افغان طلبہ کو تعلیم سے نکالنے سے روکا گیا ہے۔
طلبہ نے حکومت اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) سے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں زیرِ تعلیم افغان میڈیکل طلبہ کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے اور انہیں اپنی تعلیم مکمل کرنے کی اجازت دی جائے۔
