کراچی (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے ساتھ ۵ روزہ دورے پر سندھ پہنچ گئے ہیں، جہاں رحیم یار خان کی سرحد کے قریب کموں شہید میں کارکنوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں ۱۸ سالہ زرداری راج کا خاتمہ بالکل قریب ہے اور صوبے کے عوام جلد اپنا حق حاصل کریں گے۔
دورے کا مقصد ۲۷ ستمبر کے لانگ مارچ کے لیے سٹریٹ موومنٹ کو منظم کرنا ہے، جس کے تحت پی ٹی آئی کی قیادت کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ، حیدرآباد سے ہوتی ہوئی ۶ ستمبر کو کراچی پہنچے گی جہاں ایک بڑا عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور صوبائی صدر حلیم عادل شیخ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کا پیغام لے کر آئے ہیں اور پیپلزپارٹی کے ظلم کا راستہ روکا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ۲۷ ستمبر کو ملک بھر سے عوام سڑکوں پر نکلیں گے اور سندھ کی عوامی جدوجہد اب ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
