پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں پولیو کے ایک نئے کیس کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد رواں سال صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد تین جبکہ ملک بھر میں چار ہوگئی ہے۔
انسدادِ پولیو کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ضلع بنوں میں پولیو کے نئے کیس کی تصدیق کی ہے۔
حکام کے مطابق بنوں کی تحصیل میریان کے یونین کونسل نورڑ میں آٹھ ماہ کا بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہونے والا یہ تیسرا پولیو کیس ہے۔ اس سے قبل ضلع بنوں اور شمالی وزیرستان سے ایک، ایک پولیو کیس رپورٹ ہوچکا ہے۔
رواں سال اب تک ملک بھر میں پولیو کے مجموعی طور پر چار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں خیبرپختونخوا سے تین جبکہ سندھ سے ایک کیس شامل ہے۔
نئے کیس کی تصدیق کے بعد انسدادِ پولیو حکام نے صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات اور ویکسینیشن مہم کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
