لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور کے علاقے شاہدرہ میں مبینہ طور پر مضرِ صحت نوڈلز کھانے سے دو کمسن بہنیں جاں بحق ہوگئیں جبکہ تیسری بہن کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق تینوں بچیوں نے رات کے وقت نوڈلز کھائے تھے، جس کے بعد ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ حالت خراب ہونے پر انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے میو اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق تینوں بچیوں کو گزشتہ رات انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، تاہم طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث دو بچیاں جانبر نہ ہوسکیں۔
والدہ کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت 4 سالہ جنت اور 6 سالہ ماہین کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ان کی 11 سالہ بہن ایشال تاحال میو اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تاہم نوڈلز کو اموات کی حتمی وجہ قرار دینے کے لیے تحقیقات اور طبی شواہد سامنے آنا ضروری ہیں۔
