اسلام آباد (پاک ٹوڈے): محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم جزوی ابرآلود اور صبح و رات کے اوقات میں سرد رہنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم چترال، دیر، سوات، کوہستان اور گردونواح میں شام اور رات کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، خانیوال، ملتان، خانپور، کوٹ ادو اور بہاولپور میں بعض مقامات پر دھند اور اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔
مری اور گلیات میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں سردی اور جزوی ابرآلود موسم متوقع ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہا۔ کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 7، اسکردو میں منفی 5 جبکہ گوپس، گلگت اور استور میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
