اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو مسلسل مائع قدرتی گیس (ایل این جی) فراہم کرنے اور پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیر داخلہ اور کمانڈر انٹرنل سیکیورٹی فورس نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے امیرِ قطر کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں تقریباً تین لاکھ پاکستانی کام کر رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط عوامی روابط کی علامت ہیں۔
شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
قطری وزیر داخلہ نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو بھی سراہا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان سیکیورٹی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جبکہ منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان ایکشن پلان بھی طے پایا۔ معاہدوں پر قطر کے وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دستخط کیے۔
