اسلام آباد (پاک ٹوڈے): صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
گزشتہ دنوں نئے صوبوں کے قیام اور مجوزہ ریفرنڈم کے معاملے پر حکمران اتحاد میں اختلافات سامنے آئے تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ زبردستی ایسا اقدام کرنے سے معاشرے میں دشمنی اور خون خرابہ پھیل سکتا ہے۔
اس بیان کے ردعمل میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ جمہوریت محض تقاریر اور آئینی شقوں کی تشریح کا نام نہیں بلکہ اس میں کارکردگی اور طرزِ حکمرانی بھی اہم ہیں۔
صدر اور وزیراعظم کی ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی تجویز پر حکومتی اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات زیرِ بحث ہیں۔ تاہم ایوانِ صدر کے جاری کردہ بیان میں بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات میں شرکت کا ذکر نہیں کیا گیا، اس لیے ان کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
