اسلام آباد (پاک ٹوڈے): انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن فور میں پیش آنے والے ہنگامہ آرائی کے واقعے میں مفتی ابرار کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
ایف آئی آر نمبر 1212/26 کے مطابق سیکٹر آئی نائن فور میں فاروقِ اعظم مسجد کے قریب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں نے مبینہ طور پر پیشگی اجازت یا این او سی کے بغیر اجتماع کیا اور سڑک بند کر دی۔
پولیس کی جانب سے کارکنوں کو روکنے کی کوشش پر مفتی ابرار کی قیادت میں مشتعل افراد نے مبینہ طور پر پولیس پر پتھراؤ کیا، سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور سرکاری امور کی انجام دہی میں مداخلت کی۔
اطلاعات کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران مسافروں اور رہائشی فلیٹس میں مقیم افراد کو بھی مشکلات اور خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔
عدالت نے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 سمیت دیگر دفعات کے تحت مفتی ابرار کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق ملزم کے روپوش ہونے کی اطلاعات پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
