اسلام الدین ساجد| پاک ٹوڈے، اسلام آباد
اسلام آباد (پاک ٹوڈے): ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں مناسب طبی سہولیات، اہل خانہ سے ملاقاتوں اور وکلا تک رسائی سے مبینہ طور پر محروم رکھنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے جنوبی ایشیا کے علاقائی دفتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ضروری طبی سہولیات، اہل خانہ سے باقاعدہ ملاقاتوں اور قانونی مشیروں تک رسائی سے محروم رکھنا پاکستان کی بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی ہے۔
تنظیم کے مطابق سابق وزیراعظم دسمبر 2025 سے اپنے اہل خانہ سے ملاقات نہیں کر سکے، تاہم اگست 2026 میں ان کی اپنی بہنوں سے دو ملاقاتیں ہوئیں۔ انہیں مارچ 2026 سے اپنے بیٹوں سے ٹیلی فون پر بات کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ عمران خان کو طویل عرصے سے تنہائی میں رکھا گیا ہے اور انسانی رابطوں سے بڑھتی ہوئی دوری نے ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق 74 سالہ سابق وزیراعظم بلڈ پریشر کے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے اہل خانہ کی جانب سے آزاد ڈاکٹروں تک رسائی نہ دینے کی شکایات سامنے آئی ہیں، حالانکہ اگست میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے انہیں نجی ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق وہ آنکھوں کی ایسی بیماری میں مبتلا ہیں جس کے باعث ان کی بینائی مستقل طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم انہیں بھی مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
تنظیم نے یاد دلایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے بین الاقوامی معاہدے برائے شہری و سیاسی حقوق کا رکن ہے، جس کا آرٹیکل 10 ہر زیر حراست شخص کے ساتھ انسانی سلوک اور اس کے وقار کے احترام کی ضمانت دیتا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی حکام عمران خان اور بشریٰ بی بی کو فوری طور پر مناسب طبی سہولیات فراہم کریں اور ان کی اہل خانہ اور وکلا سے باقاعدہ ملاقاتیں بحال کریں۔
بیان میں عمران خان کے اہل خانہ کو مبینہ طور پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ تنظیم کے مطابق ان کی تین بہنوں کو 20 اور 21 ستمبر کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اگرچہ دو بہنوں کو رہا کر دیا گیا ہے، تاہم علیمہ خان تاحال لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے علیمہ خان کی فوری رہائی اور عمران خان کے اہل خانہ کے خلاف آزادی اظہار اور پرامن اجتماع کے حق کے استعمال پر مزید مقدمات قائم نہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
عمران خان کا چیف جسٹسز کو خط: ’شاید زندہ واپس نہ آ سکوں‘
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عمران خان نے 16 نومبر کو پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ کے سربراہان کو ایک کھلا خط لکھ کر اپنی اور اہلیہ کی صحت کے حوالے سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔
یہ خط سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کے نام تحریر کیا گیا تھا، جسے ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے سوشل میڈیا پر جاری کیا۔
عمران خان نے خط میں کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں تنہائی کے دوران ان کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے اور 10 نومبر کو یہ 192 اور 193 تک پہنچ گیا تھا۔ ان کے بقول ڈاکٹروں نے انہیں دماغ کی شریان پھٹنے اور دل کا دورہ پڑنے کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی 85 فیصد تک متاثر ہو چکی ہے، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی آنکھوں کے مزید آپریشن کی ضرورت ہے، بصورت دیگر ان کی بینائی مستقل طور پر ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
عمران خان نے خط میں کہا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو انہیں دو روز کے اندر اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے کا حکم دیا تھا، تاہم اس حکم پر مکمل عمل درآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی خصوصی رعایت کے طلب گار نہیں بلکہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد اور اپنی طبی حالت کے مطابق مناسب علاج چاہتے ہیں۔
ان کے خط کا سب سے تشویشناک پہلو یہ تھا کہ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ حالات انہیں ایسی صورت حال کی طرف لے جا رہے ہیں جہاں سے شاید وہ زندہ واپس نہ آ سکیں۔
پی ٹی آئی اور اپوزیشن کا بھی طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ
عمران خان کی صحت کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے بھی حکومت اور جیل انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے منگل کو اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا بلڈ پریشر 192 یا 193 تک پہنچنا انتہائی تشویش ناک ہے اور انسانی ہمدردی کا تقاضا ہے کہ انہیں مناسب ہسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اہل خانہ اور ذاتی معالجین سے ملاقات کوئی رعایت یا احسان نہیں بلکہ قیدی کا بنیادی حق ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ عمران خان کے علاج کے لیے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد ضروری ہے اور انہیں آزادانہ طبی معائنے کی سہولت ملنی چاہیے۔ ان کی بہن عظمیٰ خان نے بھی سرکاری ہسپتال کی طبی رپورٹس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نجی ہسپتال میں علاج کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سے قبل بھی عمران خان کی صحت کے معاملے پر ان کے اہل خانہ اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ ان کی بہنوں نے جیل انتظامیہ پر طبی معلومات اور ملاقاتوں کے حوالے سے شفافیت برقرار نہ رکھنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
بلاول بھٹو کی حکومت سے عمران خان اور پی ٹی آئی کا اعتماد بحال کرنے کی اپیل
عمران خان کی صحت اور جیل میں ان کے ساتھ سلوک کے معاملے پر سیاسی حلقوں میں بحث کے دوران حکمران اتحاد کے اہم اتحادی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حکومت کو عمران خان اور ان کی جماعت کے حوالے سے اپنا رویہ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے منگل کو کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا سیاسی نظام پی ٹی آئی اور عمران خان کو نظر انداز کرکے نہیں چل سکتا۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عمران خان، پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا اعتماد بحال کرے۔
بلاول بھٹو نے عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاسی انتقام کی روایت ختم ہونی چاہیے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک کی ایک سیاسی حقیقت اور اہم سیاسی فریق ہے، چاہے کسی کو یہ جماعت پسند ہو یا نہ ہو، ملک کا نظام اس کی سیاسی حیثیت تسلیم کیے بغیر مؤثر انداز میں نہیں چل سکتا۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے عمران خان کو طبی سہولیات فراہم نہ کرنے کے الزامات کی تردید کی جاتی رہی ہے۔
حکومتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کو جیل میں طبی سہولیات میسر ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔ سرکاری ہسپتال پمز نے 11 نومبر کو ان کے طبی معائنے کے بعد ان کی حالت مستحکم قرار دی تھی۔
تاہم عمران خان کی صحت، ان کی اہلیہ کے علاج، اہل خانہ سے ملاقاتوں اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے معاملات اب پاکستان کے اندرونی سیاسی تنازع سے آگے بڑھ کر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کی توجہ بھی حاصل کر رہے ہیں۔
