کابل (پاک ٹوڈے): افغان حکومت کے سربراہ ہبتہ اللہ اخونزادہ نے کہا ہے کہ اگر علما متحد ہو جائیں تو کوئی طاقت ان کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اختلافات ختم کرکے ایک دوسرے کی حمایت کریں اور اتحاد کو مضبوط بنائیں۔
کابل یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہبتہ اللہ اخونزادہ نے کہا کہ ان کی سیاست قرآن کریم کی تعلیمات پر مبنی ہے اور وہ اپنے اقتدار کو برقرار رکھنے کے لیے مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کا وعدہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فتنوں کا راستہ روکنے کے لیے انہوں نے قیادت کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ذات قربان ہو جائے تو بھی انہیں قبول ہے، لیکن مسلمان فتنوں سے محفوظ رہنے چاہییں۔
ہبتہ اللہ اخونزادہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو اتحاد کا حکم دیا ہے اور تمام مومنین کو ایک جسم کی مانند ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔ ان کے مطابق شریعت کا نفاذ ان کے بیان کردہ نظام کے بغیر ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ برائی کو روکنے کی کوشش میں جان دینے والا بہترین شہید ہے۔
افغان حکومت کے سربراہ نے بیرون ملک مقیم افغان شہریوں سے اپیل کی کہ وہ وطن واپس آئیں اور امن کے ساتھ زندگی گزاریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام افغان شہری بلاامتیاز افغانستان میں پُرامن زندگی گزار سکتے ہیں۔
