پشاور (شاہین آفریدی): پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026 میں زمبابوے کو 51 رنز سے شکست دے کر گروپ بی میں اپنے سفر کا اختتام کامیابی کے ساتھ کیا۔ 16 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان کے سیون ڈسٹرکٹس اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے، جواب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 99 رنز ہی بنا سکی۔
زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور صدف شمس 7 جبکہ شاوال ذوالفقار 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ 35 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان منیبہ علی اور عائشہ ظفر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
منیبہ علی نے 49 گیندوں پر 51 رنز بنائے، جس میں پانچ چوکے شامل تھے، جبکہ عائشہ ظفر نے 27 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ایمن فاطمہ نے 16 اور طوبیٰ حسن نے 6 رنز بنائے۔ منیبہ علی 19ویں اوور میں رن آؤٹ ہوئیں اور پاکستان نے مقررہ اوورز میں 150 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ زمبابوے کی جانب سے کرسٹین متاسا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی بیٹنگ پاکستانی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی۔ امِ ہانی نے پہلے ہی اوور میں بیلاوڈ بیزا کو صفر پر آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی، جبکہ ناشرہ سندھو نے تین اہم وکٹیں حاصل کرکے زمبابوے کی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
ناشرہ سندھو نے تین اوورز میں صرف 8 رنز دے کر کیلس ندھلوو، شارنے مائرز اور نیاشا گوانزورا کو آؤٹ کیا۔ زمبابوے کی جانب سے چپو موگیری تیریپانو 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ چیدزا دھورورو 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ تاہم پوری ٹیم 20 اوورز میں 99 رنز تک محدود رہی۔
ناشرہ سندھو کے علاوہ مومنہ ریاضت نے دو، جبکہ امِ ہانی اور طوبیٰ حسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ منیبہ علی کو نصف سنچری اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس میچ میں منیبہ علی نے ایک انفرادی اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ وہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر کے طور پر سب سے زیادہ ڈسمسلز کرنے والی کھلاڑی بن گئیں۔ ان کے ڈسمسلز کی تعداد 51 ہوگئی، جس کے ساتھ انہوں نے بتول فاطمہ کا 50 ڈسمسلز کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔
گروپ مرحلے میں پاکستان نے بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی، جبکہ نیدرلینڈز کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ زمبابوے کے خلاف فتح کے بعد پاکستان نے چار میچوں میں تین کامیابیوں کے ساتھ 6 پوائنٹس حاصل کیے اور سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
