اسلام آباد (پاک ٹوڈے): صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنا جاری دورہُ یورپ مختصر کرتے ہوئے فرانس کا طے شدہ سفر منسوخ کر دیا ہے، جس کے بعد وہ 8 ستمبر کو برطانیہ سے براہِ راست پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے اپنے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے دو روزہ دورہُ فرانس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے ابتدائی پروگرام کے تحت صدر زرداری کو برطانیہ کے بعد دو روز کے لیے فرانس کا دورہ کرنا تھا، تاہم اب وہ دورہُ برطانیہ مکمل کرنے کے بعد منگل کے روز وطن واپس لوٹیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کے خصوصی طیارے کو تکنیکی معاونت کے لیے لندن سے پیرس روانہ کیا گیا تھا، جو ضروری تکنیکی مراحل کی تکمیل کے بعد واپس لندن کے لوٹن ایئرپورٹ پہنچ جائے گا، جہاں سے صدرِ مملکت اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری کے قیامِ برطانیہ کے دوران اہم سیاسی شخصیات نے ان سے ملاقاتیں کی تھیں، جن میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شامل تھے۔ حکومتی و سفارتی ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت کی وطن واپسی کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
