اسلام آباد (پاک ٹوڈے): ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے معاملے پر الیکشن کمیشن لاعلم نکلا ہے، جبکہ کمیشن کو تاحال اس حوالے سے کسی منصوبے یا باضابطہ کارروائی سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
جنگ اور دی نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ ریفرنڈم کے معاملے پر تاحال کمیشن سے رابطہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ باضابطہ درخواست موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کو ریفرنڈم کی تیاریوں کے لیے کم از کم دو ماہ درکار ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ میں بھی نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کے منصوبے کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس معاملے پر وفاقی کابینہ میں باضابطہ گفتگو نہیں ہوئی۔
