شارجہ (پاک ٹوڈے): شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے نے اپنی دوسری اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 295 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی اور افغانستان کو جیت کے لیے 418 رنز کا ہدف دے دیا۔
زمبابوے نے پہلی اننگز میں 339 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم 217 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ یوں زمبابوے کو پہلی اننگز میں 122 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
دوسری اننگز میں زمبابوے کی جانب سے برینڈن ٹیلر، بلیسنگ موزاربانی اور گریم کریمر نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچانے میں کردار ادا کیا۔
افغانستان کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد سلیم صافی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ یامین احمدزئی، ضیاالرحمان شریفی اور نصیر خان معروف خیل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
افغانستان کو میچ میں کامیابی کے لیے 418 رنز کا ہدف حاصل کرنا ہوگا، جبکہ زمبابوے کی ٹیم افغان بیٹنگ لائن کو جلد آؤٹ کرکے میچ اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی۔
