اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کو ہتکِ عزت کے قانونی نوٹس بھجوا دیے ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے ہتکِ عزت کے دو الگ الگ قانونی نوٹس ارسال کیے ہیں، جن میں سے ایک وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جبکہ دوسرا وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کے نام ہے۔
اس سے قبل اپنی ایک ٹوئٹ میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ قانونی نوٹس کا باضابطہ جواب جمع کروا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانونی نوٹس کے ذریعے دھمکانے کی کوششیں نہ انہیں خاموش کر سکتی ہیں اور نہ ہی عوامی مفاد اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مسائل پر آواز اٹھانے سے روک سکتی ہیں۔
سالک حسین نے پنجاب کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بدستور شدید بدانتظامی اور بدعنوانی کے مسائل سے دوچار ہے، جن پر دھمکیوں کے بجائے خود احتسابی اور جوابدہی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور پنجاب کے وسیع تر مفاد میں شفافیت اور احتساب کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
