اسلام آباد (پاک ٹوڈے): امریکا کے سابق وزیر خارجہ انتونی بلینکن نے اعتراف کیا ہے کہ سرد جنگ اور افغانستان میں جنگ کی ضروریات کے باعث واشنگٹن پاکستان کے حوالے سے وہ تنقیدی مؤقف اختیار نہیں کر سکا جو اختیار کیا جا سکتا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اب امریکا کے پاس پاکستان سے متعلق اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنے کا موقع موجود ہے۔
ایک بھارتی میڈیا ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انتونی بلینکن نے کہا کہ سرد جنگ کے دوران سوویت یونین کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون امریکا کی عملی ضرورت تھی۔
انہوں نے کہا کہ 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد افغانستان کی جنگ بھی واشنگٹن اور اسلام آباد کے تعلقات میں اہم عنصر بن گئی، کیونکہ امریکا کو افغانستان میں تعینات اپنی فوج کے لیے رسد کی فراہمی، فضائی راستوں تک رسائی اور دیگر ضروریات یقینی بنانا تھیں۔
سابق امریکی وزیر خارجہ کے مطابق اب یہ تمام حالات ختم ہو چکے ہیں، جس کے بعد امریکا کے لیے پاکستان کے حوالے سے اپنے طرزِ عمل پر نظرثانی کی گنجائش پیدا ہوئی ہے۔
پاکستان میں حکومتی نظام اور سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلینکن نے کہا کہ پاکستان میں طرزِ حکمرانی کا فیصلہ وہاں کے عوام کا حق ہے اور یہ فیصلہ بیرونی طاقتوں کی جانب سے مسلط نہیں کیا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس سوچ سے آگے بڑھنا ہوگا کہ پاکستان کے مستقبل کے تمام فیصلے باہر سے کیے جا سکتے ہیں۔ پاکستانی عوام کو خود فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس نوعیت کا معاشرہ اور حکومتی نظام چاہتے ہیں۔
بلینکن نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان کو وسیع پیمانے پر تعاون فراہم کر سکتا ہے، تاہم ملک کے مستقبل سے متعلق بنیادی فیصلے پاکستانی عوام ہی کو کرنے چاہییں۔ ان کے مطابق علاقائی معاملات میں پاکستان کی مثبت شمولیت اس کے اپنے مفاد میں ہے، لیکن اس کے لیے اسلام آباد کو اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔
امریکا کے بھارت اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کا موازنہ کرتے ہوئے سابق امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن اور نئی دہلی کے تعلقات عالمی نوعیت کے ہیں، جبکہ پاکستان کے ساتھ امریکی تعلقات زیادہ تر علاقائی معاملات تک محدود ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کو اب بھی بعض شعبوں، خصوصاً شدت پسندی کے خلاف تعاون کے لیے پاکستان کی ضرورت ہے، تاہم بھارت اور پاکستان کے ساتھ واشنگٹن کے تعلقات کی نوعیت بنیادی طور پر مختلف ہے۔
