ماؤنٹ مونگانوئی (پاک ٹوڈے): نیوزی لینڈ نے چوتھے ون ڈے میچ میں بھارت کو 244 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ کیوی فاسٹ بولر میٹ ہینری نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور بھارتی بیٹنگ لائن کو ابتدا ہی میں مشکلات سے دوچار کر دیا۔
میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کیوی اوپنرز نے 85 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ بعد ازاں وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، تاہم ول ینگ کے 125 اور ٹم سائیفرٹ کے 58 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ نے مقررہ اننگز میں 333 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے عاقب نبی، گرنور برار اور اکشر پٹیل نے دو، دو جبکہ ارشدیپ سنگھ اور نمن دھیر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
334 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی اننگز کا آغاز تباہ کن ثابت ہوا۔ میٹ ہینری نے پہلے ہی اوور میں روہت شرما، ویرات کوہلی اور کپتان شریاس ایئر کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین بھیج دیا۔ بھارتی ٹیم اس ابتدائی نقصان سے سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 89 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
میٹ ہینری نے 6، میتھیو فشر نے 3 اور کائل جیمیسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز میں بھارت کو اب بھی 1-2 کی برتری حاصل ہے، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ بارش کے باعث مکمل نہیں ہوسکا تھا۔
