اسلام الدین ساجد
اسلام آباد: پاکستان کے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور وفاقی حکومت کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد حکومتی حلقوں میں اختلافات ختم کرنے اور مولانا کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ تاہم بعض سیاسی مبصرین اور صحافیوں کے مطابق خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی سمیت بعض سیاسی شخصیات اس مفاہمتی عمل میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔
مولانا فضل الرحمن اور بظاہر طاقتور پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کے درمیان اختلافات کا آغاز کچھ عرصہ قبل ہوا تھا، تاہم حکومتی وزرا کی جانب سے ان کے بیانات کے جوابات دیے جانے کے بعد یہ تنازع اب براہ راست مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ دونوں کے ساتھ ان کی سیاسی کشیدگی کی شکل اختیار کرچکا ہے۔
گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد اس تنازع میں مزید شدت آئی۔ مولانا فضل الرحمن ان اقدامات کو دہشت گردی کے خاتمے کے بجائے صوبے اور سابق قبائلی اضلاع کے قیمتی معدنی وسائل پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔
ان کا الزام ہے کہ بعض بااثر حلقے خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل کو نکال کر بیرون ملک فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ مولانا کے مطابق ان وسائل پر سب سے پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے اور کسی کو بھی ان کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
مولانا نے اپنی تقاریر میں ان لوگوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے جو مبینہ طور پر معدنیات کے نمونے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس واشنگٹن لے کر گئے تھے اور بعد ازاں امریکی کمپنی کے ساتھ معدنی وسائل سے متعلق معاہدہ کیا گیا تھا۔ اگرچہ مولانا نے اپنی تنقید میں بعض مواقع پر براہ راست نام نہیں لیے، تاہم ان کے بیانات کو پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کے بعض حلقوں کی طرف اشارہ سمجھا جارہا ہے۔
مولانا پر دباؤ بڑھانے کے الزامات
مولانا فضل الرحمن کی اسٹیبلشمنٹ اور وفاقی وزرا، بالخصوص وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر داخلہ محسن نقوی پر تنقید کے بعد ان کے خاندان اور جماعت سے متعلق بعض انتظامی اور قانونی کارروائیاں بھی سامنے آئی ہیں۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ یہ بھرتیاں ان کے دور وزارت سے متعلق بتائی جاتی ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد میں مولانا کی رہائش گاہ کو کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا۔ نوٹس میں مبینہ طور پر گھر کے باہر جنریٹر اور سیکیورٹی کیبن کی تعمیر سمیت اندرونی حصے میں کچن کی تعمیر پر اعتراضات اٹھائے گئے اور انہیں قواعد کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
جمعیت علمائے اسلام کے پشاور میں قائم مرکزی دفتر مفتی محمود مرکز کو بھی مقامی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات سے متعلق نوٹس جاری کیا گیا، جس میں مبینہ غیر قانونی حصے کو گرانے کا معاملہ اٹھایا گیا۔
اس اقدام کے خلاف جے یو آئی کے کارکنوں نے مرکز کے باہر جمع ہونا شروع کردیا اور انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر مرکز کو مسمار کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ مزاحمت کریں گے۔ کارکنوں کے احتجاج اور ممکنہ کشیدگی کے خدشے کے بعد صوبائی انتظامیہ نے فوری کارروائی سے گریز کیا۔
مولانا کے قریبی ساتھی اور معروف وکیل سینیٹر کامران مرتضیٰ کے کوئٹہ میں گھر کو بھی نوٹس جاری کیا گیا۔ ان کے بھائی کے کاروبار کو سیل کرنے اور انہیں افغان شہری قرار دینے سے متعلق دعوے بھی سامنے آئے ہیں۔ مزید برآں، جے یو آئی کے بعض رہنماؤں اور کارکنوں کو مبینہ طور پر گھروں سے حراست میں لینے یا لاپتا کرنے کے الزامات بھی عائد کیے جارہے ہیں۔
جے یو آئی کے حلقوں میں ان اقدامات کو مولانا فضل الرحمن پر سیاسی دباؤ بڑھانے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔
حکومت کی جانب سے مفاہمت کی کوششیں
اس کشیدگی کے درمیان وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے گزشتہ روز ایک ٹی وی پروگرام میں انکشاف کیا کہ حکومت میں شامل بعض اہم شخصیات مولانا فضل الرحمن کے ساتھ جاری اختلافات ختم کرنا چاہتی ہیں۔
ان کے مطابق وہ اور قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد ان کی اجازت سے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں تاکہ سیاسی کشیدگی کم کی جاسکے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں اور امن و امان کی بحالی حکومت کے لیے اہم چیلنج ہیں، جن کے لیے مولانا فضل الرحمن کی حمایت اور تعاون بھی ضروری ہے۔
ان کے بقول مولانا کے ساتھ جاری سیاسی محاذ آرائی سے حکومت کو نقصان پہنچ رہا ہے اور اس اختلاف کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان کے معروف صحافی حامد میر نے بھی گزشتہ روز مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان سے موجودہ سیاسی تنازع کی وجوہات جاننے کی کوشش کی۔
حامد میر کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے ملاقات میں بھی اپنا وہی مؤقف دہرایا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ نہیں بلکہ صوبے کے معدنی وسائل پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔
حامد میر کے مطابق مولانا نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر حکومت ان کے ساتھ سیاسی لڑائی جاری رکھنا چاہتی ہے تو وہ بھی اس کے لیے تیار ہیں۔
مفاہمت کی راہ میں کون رکاوٹ ہے؟
حامد میر کے مطابق مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے بعض اہم وزرا مولانا فضل الرحمن کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے کے خواہاں ہیں اور وزیراعظم کی واپسی کے بعد ان سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔
تاہم ان کے تجزیے کے مطابق خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی اس مفاہمتی عمل میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
فیصل کریم کنڈی کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے اور وہ ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھتے ہیں، جو مولانا فضل الرحمن کا آبائی سیاسی علاقہ ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان طویل عرصے سے سیاسی اختلافات موجود ہیں۔
حامد میر کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی، جو گورنر راج کے دوران صوبے کے انتظامی معاملات چلا رہے ہیں، مولانا اور وفاقی حکومت کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور ایسا لگ رہا ہے کہ وہ نہیں چاہئے گا کہ مولانا اور حکومت کے درمیان جاری لڑائی ختم ہوجائے۔
ان کے تجزیے میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کا نام بھی سامنے آیا ہے، جو ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمن کے سیاسی حریف ہیں، لیکن وہ اس وقت حکومت میں نہیں۔ تاہم حامد میر کے مطابق اس معاملے میں گورنر فیصل کریم کنڈی کا اثر زیادہ اہمیت رکھتا ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ مولانا اور حکومت کے درمیان جاری لڑائی ختم ہوجائے۔
خیبر پختونخوا میں امن کے لیے سیاسی اتفاق رائے ضروری
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اور وفاقی حکومت کے درمیان جاری کشیدگی صرف دو سیاسی فریقوں کا معاملہ نہیں بلکہ اس کے اثرات خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف حکومتی اور سیکیورٹی اقدامات پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔
ان کے مطابق صوبے میں کسی بھی بڑے سیکیورٹی آپریشن کی کامیابی کے لیے صرف فوج اور وفاقی حکومت کی کوششیں کافی نہیں ہوں گی بلکہ مقامی آبادی اور سیاسی جماعتوں کی حمایت بھی ضروری ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف، جمعیت علمائے اسلام، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر سیاسی و علاقائی قیادت کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنا اہم ہوگا۔
خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران مقامی آبادی کا تعاون حاصل کرنا ایک بنیادی ضرورت ہے۔ اگر سیاسی جماعتیں اور مقامی عمائدین حکومتی پالیسیوں سے متفق نہ ہوں تو سیکیورٹی اقدامات کو عوامی سطح پر قبولیت حاصل کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
مبصرین کے مطابق مولانا فضل الرحمن پر مختلف طریقوں سے سیاسی دباؤ ڈالنے، سوشل میڈیا پر ان کی تضحیک اور بعض میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ان کے خلاف مہم جاری ہے ۔ تاہم ان تمام تر حالات کے باوجود مولانا اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ دکھائی نہیں دیتے۔
کیا حکومت اور مولانا کے درمیان سیز فائر ممکن ہے؟
وفاقی وزرا کی جانب سے مفاہمت کے اشارے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ حکومت خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں مولانا فضل الرحمن کے ساتھ سیاسی محاذ آرائی ختم کرنا چاہتی ہے۔
تاہم اصل سوال یہ ہے کہ آیا وزیراعظم کی ترکیہ سے واپسی کے بعد مجوزہ ملاقات کشیدگی ختم کرنے میں کامیاب ہوسکے گی یا نہیں۔
اس کے لیے ضروری ہوگا کہ حکومت مولانا کے تحفظات دور کریں اور اس میں شاید مولانا صوبے سے ایمرجنسی اور گورنر راج کا جلد خاتمے کا مظالبہ کریں جبکہ معدنیات کے ایشو پر بھی ان کے تحفظات کو دور کرنا ہوگا۔
