واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کانگریس میں آئندہ نگرانی کمیٹی کی سربراہی سنبھالنے والے ڈیموکریٹ رہنما رابرٹ گارسیا کو خبردار کیا ہے کہ حکومتی عہدیداروں پر دباؤ ڈالنے یا انہیں سرکاری ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنے کے لیے تحقیقات اور قانونی کارروائی کی دھمکیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قانونی مشیر ول شیرف نے رابرٹ گارسیا کو خط لکھ کر متنبہ کیا ہے کہ سرکاری عہدیداروں کو خوف زدہ کرنے یا ان کے فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش سنگین جرم بن سکتی ہے۔
رابرٹ گارسیا نے وائٹ ہاؤس کے انتباہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو حکومتی نگرانی اور تحقیقات کے لیے وسیع آئینی اختیارات حاصل ہیں، جن کے استعمال کے لیے وائٹ ہاؤس کی اجازت درکار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی عوام نے بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف احتساب کے لیے ڈیموکریٹس کو ووٹ دیا ہے اور وہ اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔
دوسری جانب ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کے اقلیتی رہنما حکیم جیفریز نے وائٹ ہاؤس کے انتباہ کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان حقائق، قانون اور آئین کے منافی ہے۔
حکیم جیفریز کے مطابق اب تک ری پبلکنز کے زیر اثر کانگریس صدر ٹرمپ کے اقدامات کی حمایت کرتی رہی، تاہم نئی ڈیموکریٹک کانگریس انتظامیہ کے اختیارات کی نگرانی کرتے ہوئے توازن قائم کرے گی۔
واضح رہے کہ ڈیموکریٹس آئندہ جنوری سے ٹرمپ خاندان کے مالی معاملات، جیفری ایپسٹین کیس اور حکومتی معاہدوں سمیت متعدد امور کی تحقیقات شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان تحقیقات کے اعلان کے بعد وائٹ ہاؤس اور ڈیموکریٹس کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
