کراچی (پاک ٹوڈے): ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ 14 ستمبر سے نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر بین الاقوامی سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام بین الاقوامی مسافروں کے لیے نادرا کی جانب سے جاری کردہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں خاص طور پر عمرہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روانگی سے قبل نادرا ویکسینیشن کارڈ لازمی حاصل کرلیں تاکہ ایئرپورٹ پر کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ بین الاقوامی صحت کے قوانین کے تحت کیا گیا ہے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک روانگی سے قبل اپنی ویکسینیشن دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ سفری مراحل کے دوران مشکلات سے بچا جا سکے۔