وڈھ (پاک ٹوڈے): خضدار کی تحصیل وڈھ کے علاقے سونارو میں گزشتہ شب پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں چار افراد کی ہلاکت اور ایک خاتون سمیت متعدد افراد کے زخمی ہونے کے خلاف اہلِ علاقہ نے میتوں کے ہمراہ احتجاج شروع کردیا، جبکہ وڈھ شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مظاہرین نے وڈھ سٹی اور سونارو کے مقامات پر میتیں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر رکھ کر دھرنا دے دیا، جس کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہوگئی اور دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 ستمبر کی رات تقریباً 10 بجے وڈھ کے علاقے سونارو، کلی یار محمد گرگناڑی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔
واقعے کے خلاف اہلِ علاقہ نے میتوں کے ہمراہ قومی شاہراہ پر احتجاج شروع کیا، جس کے باعث سینکڑوں مسافر کئی گھنٹوں سے شاہراہ پر پھنسے ہوئے ہیں اور ٹرانسپورٹرز سمیت دیگر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مظاہرین اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے، تاہم ابتدائی مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے۔ صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر وڈھ سونارو کے مقام پر پہنچ گئے، جہاں مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں، جبکہ ایس ایس پی بھی وڈھ پہنچ چکے ہیں۔
قومی شاہراہ کی بندش کے باعث وڈھ شہر میں کاروباری مراکز بھی مکمل طور پر بند ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے سے متعلق ان کے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔