تہران/ابوظہبی (پاک ٹوڈے): ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے متحدہ عرب امارات (UAE) کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں تہران پر اماراتی سرزمین کی جانب بیلسٹک میزائل داغنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں یو اے ای کے الزامات کو تمام تر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اقدامات اچھی ہمسائیگی کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے بیانات سے علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے ماحول اور خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم کرنے کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔
یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے رات گئے دعویٰ کیا کہ ایران نے ان کی حدود کی طرف دو بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں، تاہم دونوں میزائل اماراتی سرزمین پر نہیں گرے۔ اس مبینہ واقعے کے فوراً بعد اماراتی حکومت نے ایران کے ساتھ تمام تر تجارتی اور مالیاتی لین دین کو اگلی اطلاع تک معطل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ حالیہ جنگ کے آغاز میں متحدہ عرب امارات ایرانی حملوں کے شدید دباؤ میں رہا تھا، تاہم فریقین کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد سے ایرانی فورسز نے امارات پر اپنے حملے معطل کر رکھے تھے۔