صنعا (پاک ٹوڈے): یمن میں جاری شدید لڑائی کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 270 سے زائد حکومتی فوجی اور حوثی جنگجو ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یمنی حکومت سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ایک روز کے دوران 115 فوجی ہلاک جبکہ درجنوں دیگر لڑائی اور حوثیوں کے میزائل و ڈرون حملوں میں زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی حمایت یافتہ اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت نے حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو واپس لینے کے لیے جوابی کارروائی شروع کی، جس کے بعد لڑائی میں شدت آئی ہے۔
لڑائی کا مرکزی محاذ جنوب مغربی یمن میں آبنائے باب المندب کے اطراف کا علاقہ بتایا جا رہا ہے، جو عالمی توانائی کی ترسیل کے حوالے سے اہم سمندری راستہ ہے۔
دوسری جانب حوثی عسکری ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان کے 160 جنگجو ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر سعودی حملوں میں مارے گئے۔ ہلاکتوں کے اعداد و شمار دونوں فریقوں کے ذرائع کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں۔