پشاور (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے امکان سے متعلق بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی قسم کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، گورنر راج لگانا ہے تو آج ہی لگا دیں، انہیں اس کی کوئی فکر نہیں۔
سہیل آفریدی نے موجودہ حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطابق دہشت گردی میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی دہشت گردی سے متعلق پالیسی پختون، صوبہ اور پاکستان دشمن ہے اور پختونوں کے سروں پر ڈالر کمانے کا سلسلہ مزید جاری نہیں رہنے دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ ایسی کرسی کو قبول نہیں کریں گے جس کے لیے پختونوں کے سروں کا سودا کرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر راج نافذ کرنا ہے تو آج ہی کیا جائے، وہ کسی دھمکی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ لانگ مارچ کی منزل صوابی سے آگے ہے اور اس کا حتمی نتیجہ سب کے سامنے آئے گا۔ ان کے مطابق مارچ کا مقصد حقیقی آزادی ہے اور اس مقصد کے لیے وہ کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کارکنوں سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین انتشار پیدا کرنے کی کوشش کریں گے، تاہم کارکن پرامن رہیں۔