فن لینڈ (پاک ٹوڈے): بحیرۂ بالٹک میں روسی فوج سے منسلک ایک کارگو جہاز ہفتے کے روز ڈرون حملے کی زد میں آگیا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔
فن لینڈ کے حکام کے مطابق حملے میں یوکرین کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔ متاثرہ جہاز بعد ازاں بہہ کر فن لینڈ کی سمندری حدود میں داخل ہوگیا۔
فن لینڈ کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ غالب امکان ہے کہ حملے کے پیچھے یوکرین ہے، تاہم جہاز کو نشانہ بنانے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی۔
متاثرہ جہاز کا نام ’’اسپارٹا ٹو‘‘ بتایا گیا ہے، جو روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ سے روس کے علاقے کیلینن گراڈ جا رہا تھا۔ جہاز کے عملے کے 16 ارکان نے لائف بوٹس کے ذریعے جہاز خالی کیا اور بعد ازاں ایک قریبی روسی جہاز پر منتقل ہوگئے۔
روسی وزارتِ دفاع سے منسلک لاجسٹکس کمپنی کے زیرِ ملکیت یہ جہاز امریکی پابندیوں کی زد میں بھی ہے۔ فن لینڈ کے حکام نے جہاز میں آگ بجھانے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی شروع کر دی ہے۔