کیلیفورنیا (پاک ٹوڈے): گوگل کی سرپرست کمپنی الفابیٹ نے اپنا نیا مصنوعی ذہانت کا ماڈل جیمنائی 4 آرگون متعارف کرا دیا ہے، جسے کمپنی نے اب تک کا طاقتور ترین اے آئی ماڈل قرار دیا ہے۔
گوگل کے مطابق جیمنائی 4 آرگون کو کوڈنگ، تحقیق، تحریر اور دیگر پیچیدہ و طویل دورانیے کے کام انجام دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس کی نمایاں خصوصیات میں سائبر سکیورٹی بھی شامل ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے اے آئی ماڈل کو دفاعی سائبر ورک کے لیے تربیت دی گئی ہے اور یہ خودکار طور پر سافٹ ویئر کی کمزوریوں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ انہیں درست کرنے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔ تاہم فی الحال اسے محدود سائبر سکیورٹی پارٹنرز کے لیے دستیاب کرایا گیا ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ جیمنائی 4 آرگون کوڈنگ کے شعبے میں بھی مؤثر ثابت ہو رہا ہے اور کمپنی کے ملازمین اسے روزمرہ کے کاموں، جن میں ڈی بگنگ اور کوڈ بیس کی منتقلی شامل ہے، کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
کمپنی کے مطابق نیا ماڈل پیچیدہ اور طویل کام مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے اے آئی کے ذریعے کام کرنے کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گوگل نے اگست میں اعلان کیا تھا کہ دنیا بھر میں جیمنائی استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کر چکی ہے۔
