کویت (پاک ٹوڈے): کویت میں ڈرون حملے کے نتیجے میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے اطالوی ہم منصب انتونیو تاجانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور واقعے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر تہران کا مؤقف دہرایا کہ کویت پر ڈرون حملے میں ایران کا کوئی کردار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران واقعے کے محرکات اور مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے کویت اور اٹلی کی حکومتوں کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے۔
اٹلی کے مطابق کویت میں ہلاک ہونے والے اس کے دونوں شہری فضائی دفاعی نظام پر کام کر رہے تھے۔ اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے سینیٹ کو بتایا کہ جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً دو بجے متعدد ایرانی ڈرونز نے کویت میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں فضائی دفاعی ریڈار کا ایک مرکز بھی شامل تھا۔
ان کے مطابق حملے کے وقت اطالوی اسلحہ ساز کمپنی رائن میٹل کے دو ماہرین اس مقام پر کام کر رہے تھے، جو حملے میں ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب کویت کی وزارت دفاع نے بتایا تھا کہ مسلح افواج نے متعدد حملہ آور ڈرونز کو فضا میں تباہ کیا۔ وزارت کے مطابق ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کے دوران ایک کویتی شہری، دو اطالوی شہریوں اور ایک پاکستانی سمیت چار افراد زخمی بھی ہوئے۔
ایرانی حکومت نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے، جبکہ واقعے کے محرکات اور ذمہ داری کا تعین تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گا۔