نورس اٹلانٹک نے پی آئی اے کے ساتھ طیاروں کا معاہدہ اچانک معطل کردیا، 2 پروازیں منسوخ

کراچی (پاک ٹوڈے): ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ساتھ طیارے فراہم کرنے کا معاہدہ اچانک معطل کردیا، جس کے باعث برطانیہ سے پاکستان آنے والی دو پروازیں منسوخ ہوگئیں۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق نورس اٹلانٹک نے بغیر پیشگی اطلاع کے پروازوں سے چند لمحے قبل آپریشن معطل کیا۔ اس وقت لندن اور مانچسٹر میں پی آئی اے کے مسافروں کا چیک اِن شروع ہونے والا تھا۔

معاہدہ معطل ہونے کے باعث اسلام آباد کے لیے پرواز پی کے 786 اور مانچسٹر سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 710 منسوخ کردی گئیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے دوسری ایئرلائن پر انحصار ختم کرنے اور فضائی آپریشن کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ برطانیہ کے لیے تمام پروازیں اپنے بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ شیڈول معمول کے مطابق جاری رکھنے کے لیے متبادل انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پی آئی اے نے 8 اکتوبر کو نورس اٹلانٹک سے چھ ماہ کے لیے دو بوئنگ 787 طیارے ویٹ لیز پر لینے کا معاہدہ کیا تھا۔ یکم نومبر سے ان طیاروں نے پی آئی اے کے لیے پروازیں شروع کی تھیں، تاہم تقریباً 25 روز بعد ہی معاہدہ معطل ہوگیا۔

Related posts

پاکستان میں 6 ہزار سائبر اسپیس ڈیفنڈرز بھرتی کرنے کا منصوبہ

آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں کے خلاف کارروائی، پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے مشترکہ دفاعی معاہدے کی اہم کمیٹی کا اجلاس شروع