کوہاٹ (پاک ٹوڈے): کوہاٹ میں پرانی پولیس لائن کے قریب نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے میں 16 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق دھماکے میں 5 پولیس اہلکار اور 11 شہری جان کی بازی ہار گئے ہیں، جبکہ پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 3 حملہ آور بھی مارے گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا، جس کے نتیجے میں مسجد کے باہر گہرا گڑھا پڑ گیا۔ دھماکے سے مسجد کا بیرونی حصہ شدید متاثر ہوا جبکہ ایک دیوار بھی گر گئی۔ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائن کے گیٹ سے ٹکرائی گئی، جس کے بعد زوردار دھماکا ہوا اور فائرنگ بھی کی گئی۔
آئی جی کے مطابق دھماکے کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 3 حملہ آوروں کو مار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس نے کوہاٹ ہنگو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔