پشاور (پاک ٹوڈے): گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے قریبی ساتھی حادی پتنگ نے سرکاری افسران کی پوسٹنگ، تبادلوں اور دیگر سرکاری کاموں کے لیے باقاعدہ ریٹ لسٹ بنا رکھی تھی اور اس مد میں کروڑوں روپے وصول کیے جاتے رہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ حادی پتنگ نے مبینہ طور پر سرکاری امور کو کمائی کا ذریعہ بنا رکھا تھا اور ہر کام کے لیے الگ نرخ مقرر تھے، جن کے ذریعے اربوں روپے کمائے گئے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مبینہ کرپشن کے بعد حادی پتنگ ملک سے فرار ہو گئے ہیں اور ان کی واپسی کے لیے متعلقہ حکومت اور انٹرپول سے رابطے کیے گئے ہیں۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ افسران کے تبادلے دو دو ہفتوں کے وقفے سے کیے جاتے رہے اور ہر تبادلے کے عوض کروڑوں روپے وصول کیے گئے۔ انہوں نے اس عمل کو خیبرپختونخوا کے ساتھ کھلواڑ قرار دیا۔