کوکی خیل گرینڈ جرگہ کل جمرود میں! تیراہ متاثرین کی واپسی اور 55 کروڑ امدادی پیکیج پر اہم فیصلے متوقع۔

جمرود (پاک ٹوڈے):​ کوکی خیل قوم کے ممتاز رہنما ملک نصیر احمد نے علاقے کے دیرینہ عوامی و قومی مسائل کے حل کے لیے کل صبح جمرود ریلوے اسٹیشن پر ایک اہم گرینڈ جرگہ طلب کرتے ہوئے تمام سیاسی، سماجی اور قومی مشران کو شرکت کی دعوت دے دی ہے۔

​تفصیلات کے مطابق ملک نصیر احمد کوکی خیل نے تمام اقوام، مشران، ملک صاحبان، نوجوانوں، سیاسی جماعتوں کے قائدین اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران و کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ قوم کے وسیع تر مفاد میں اس اہم جرگے میں اپنی بھرپور اور فعال شرکت یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ درپیش درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

​انہوں نے جرگے کے ایجنڈے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم اجلاس میں تیراہ کے متاثرین کی اپنے آبائی علاقوں میں باوقار اور باعزت واپسی سمیت صوبائی حکومت کی جانب سے کوکی خیل قوم کے واجب الادا 55 کروڑ روپے کے امدادی پیکیج کی فوری واگزاری کا معاملہ زیرِ بحث لایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریگی للمہ کی متنازع اراضی، کوکی خیل قوم کی مشترکہ اراضیات کے حقوق کا تحفظ اور خطے میں امن و امان کی بحالی پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

​کوکی خیل مشر نے علاقے میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور ناروا لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش اس شدید اذیت کے خاتمے کے لیے بھی جرگے میں سخت اور متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے افراد سے درخواست کی کہ وہ کل صبح 9 بجے جمرود ریلوے اسٹیشن پہنچ کر قومی اتحاد کا ثبوت دیں اور اپنے حقوق کی بحالی کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل کی منظوری دیں۔

Related posts

پشاور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ: میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم افغان طلبہ کی ملک بدری اور داخلے منسوخ کرنے پر روک

آبنائے ہرمز کے قریب ایل پی جی ٹینکر پر نامعلوم پروجیکٹائل کا ملبہ گرنے سے نقصان، تمام عملہ محفوظ

کوئٹہ، قتل کیس میں بی وائی سی رہنما گل زادی بلوچ کو عمر قید کی سزا