کنڑ (پاک ٹوڈے): گزشتہ شب افغانستان کے صوبہ کنڑ کے ضلع نورگل میں ایک شہری کے گھر پر پاکستانی فورسز کی بمباری کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ہیں۔
افغان ذرائع کے مطابق نور محمد نامی شہری کے گھر کو گزشتہ رات مبینہ طور پر بمباری کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک مرد اور دو خواتین جاں بحق جبکہ تین مرد اور ایک بچہ زخمی ہوئے۔
بمباری کے بعد شہری نور محمد کا گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جبکہ جائے وقوعہ سے مبینہ طور پر بم کے باقیات بھی جمع کیے گئے۔
صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل کے علاقوں تورکنڈی اور رخی میں بھی شہریوں کے گھروں پر پاکستانی فورسز کی مبینہ بمباری کی ہے ۔ پکتیکا میں کی گئی بمباری میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان، افغانستان کی سرزمین پر عسکریت پسند گروہوں کی موجودگی کا الزام لگاتا ہے اور سرحد پار کارروائیوں کو اپنی داخلی بدامنی اور دہشت گردی سے جوڑتے ہوئے افغان سرزمین پر موجود مبینہ ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کا مؤقف اختیار کرتا ہے۔
دوسری جانب افغانستان پاکستان کے ان الزامات کی تردید کرتا ہے اور سرحد پار حملوں میں ملوث گروہوں کو پناہ دینے سے انکار کرتا ہے۔ افغان ذرائع کا مؤقف ہے کہ حالیہ بمباری میں نشانہ بننے والے افراد عام شہری تھے اور ان کا عسکریت پسند سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں تھا۔