کوئٹہ (پاک ٹوڈے): ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے پولیس افسران و اہلکاروں کے یونیفارم میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے اور بغیر اجازت سوشل میڈیا پر محکمانہ مواد شیئر کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محکمانہ خبریں، تصاویر اور ویڈیوز صرف پی آر او برانچ کے ذریعے جاری کی جائیں گی، جبکہ پولیس افسران و اہلکار میڈیا کو براہ راست انٹرویوز یا سرکاری معلومات فراہم کرنے سے بھی گریز کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بارہا ہدایات کے باوجود سوشل میڈیا پر آپریشنل اپ ڈیٹس اور ذاتی ویڈیوز شیئر کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ کی پیشگی منظوری کے بغیر فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب یا ٹک ٹاک پر مواد شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ پولیس کے وقار، نظم و ضبط یا مورال کو متاثر کرنے والے کسی بھی عمل یا خلاف ورزی پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔