اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے وکلا لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ اس موقع پر وکیل سلمان صفدر نے عمران خان سے دوبارہ ملاقات کرانے کی درخواست کی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ قانون کے مطابق ملاقات کرائی جا رہی ہے، تاہم عدالت نے کہا کہ اگر وکلا آئندہ سماعت پر دلائل شروع کرنے کی یقین دہانی کرائیں تو ملاقات کا وقت دیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ کل کا وقت بتا دیں، ایک گھنٹے کی ملاقات کروا دی جائے گی۔
دوران سماعت سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اس طرح عدالتی کارروائی سے الگ نہیں کیا جا سکتا، اگر ایسا کرنا ہے تو وہ اپنا وکالت نامہ واپس لے لیتے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی طبی بنیادوں پر آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران رہائی کا امکان ہے۔