لندن (پاک ٹوڈے): ممکنہ حملے کے خطرے کے پیشِ نظر امریکا نے برطانیہ میں اپنے دوسرے فوجی اڈے آر اے ایف ملڈن ہال سے بھی طیارے منتقل کر دیے ہیں، جبکہ اس سے قبل آر اے ایف لیکن ہیتھ سے امریکی طیاروں کی نقل و حرکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملڈن ہال سے متعدد طیارے منتقل کیے گئے ہیں۔ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا اور معاملے سے واقف حکام کے مطابق دو امریکی فضائی ایندھن بردار طیارے جرمنی بھیجے گئے، جبکہ دیگر طیارے بھی جرمنی اور دوسرے مقامات پر منتقل کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق متعدد کے سی 135 طیاروں نے ملڈن ہال سے جرمنی اور اسکاٹ لینڈ کا رخ کیا، جبکہ سی وی 22 بی طیارے ملڈن ہال سے لیکن ہیتھ منتقل کیے گئے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ دونوں فوجی اڈوں پر امریکی اہلکاروں اور تنصیبات کے تحفظ کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ملڈن ہال کو درپیش خطرے کی نوعیت کے حوالے سے امریکی حکام کے درمیان مشاورت جاری ہے۔
دوسری جانب برطانوی فوجی اڈے آر اے ایف لیکن ہیتھ کی انتظامیہ نے مقامی آبادی سے مشتبہ سرگرمیوں، خصوصاً اڈوں کے قریب غیر مجاز ڈرون پروازوں کی اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا نے برطانیہ کے آر اے ایف فیئر فورڈ اڈے سے ایران کے خلاف کارروائیوں میں استعمال ہونے والے اپنے تمام بی ون بمبار طیارے واپس امریکا منتقل کر دیے تھے۔