شاہ محمود قریشی طبیعت ناساز ہونے پر کوٹ لکھپت جیل سے اسپتال منتقل

لاہور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو طبیعت ناساز ہونے پر کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کے مختلف طبی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ محمود قریشی کی گزشتہ ہفتے جیل میں اچانک طبیعت خراب ہوگئی تھی۔ بیرک میں چہل قدمی کے دوران چکر آنے سے وہ زمین پر گر پڑے تھے، جس کے نتیجے میں ان کے گھٹنے اور بازو پر چوٹیں آئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق جیل انتظامیہ نے ان کی صحت کے پیش نظر خون کے نمونے حاصل کرکے تجزیے کے لیے شوکت خانم اسپتال بھجوائے تھے، جبکہ آج انہیں تفصیلی طبی معائنے اور دل کے مختلف ٹیسٹوں کے لیے پی آئی سی منتقل کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل کے مطابق سابق وزیر خارجہ کو 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق متعدد مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، تاہم ان مقدمات میں تاحال انہیں کوئی حتمی سزا نہیں سنائی گئی۔

شاہ محمود قریشی کو اگست 2023 میں سائفر کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جنوری 2024 میں خصوصی عدالت نے انہیں اور سابق وزیراعظم عمران خان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی، تاہم جون 2024 میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے یہ سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو بری کر دیا تھا۔ دیگر مقدمات کے باعث ان کی رہائی ممکن نہ ہوسکی۔

جولائی 2024 میں انہیں اڈیالہ جیل سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تاکہ وہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات کا سامنا کر سکیں۔

اس سے قبل مئی 2025 میں بھی دل میں تکلیف کی شکایت پر انہیں پی آئی سی منتقل کیا گیا تھا، جبکہ اکتوبر اور نومبر 2025 میں پتے میں پتھری کے باعث ان کی سرجری بھی کی گئی تھی۔

پی ٹی آئی قیادت اور شاہ محمود قریشی کی قانونی ٹیم نے ان کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بہتر طبی سہولیات اور علاج کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

Related posts

تربیال ڈیم توسیعی منصوبے میں پانی داخل ہونے کا واقعہ، واپڈا نے مرکزی سرنگ منہدم ہونے کی خبروں کی تردید کردی

اسلام آباد ہائیکورٹ کا لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کو عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے کا حکم

صوابی میں دن دہاڑے فائرنگ، امام مسجد اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، 6 زخمی