کوئٹہ (پاک ٹوڈے): کوئٹہ میں نجی اسکولوں کی جانب سے چھٹیوں کے دوران فیس وصول کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ویسٹ منیر احمد درانی نے بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ سردیوں کی چھٹیوں کے دوران فیس وصول کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والے اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور انہیں سیل کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی نجی اسکول چھٹیوں کی فیس وصول کرتا ہے تو اس کے خلاف شکایت فوری طور پر ڈپٹی کمشنر آفس یا محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام تک پہنچائیں، تاکہ عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔