حمید سمسور | کوئٹہ، پاک ٹوڈے
بلوچستان میں کوئلہ کانوں میں مزدوروں کی اموات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ ہر حادثے میں ایک ہی بات مشترک نظر آتی ہے، میتھین گیس کا بھر جانا، حفاظتی انتظامات کا فقدان اور کان کنوں کا جان نہ بچا پانا۔
دکی میں گیس بھرنے سے ایک کان کن جاں بحق
پیر کے روز ضلع دکی میں واقع کوئلے کی ایک کان میں گیس بھر جانے کے باعث ایک کان کن دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گیا۔
کان میں کام کے دوران گیس بھر گئی، جس کے نتیجے میں کریم خان کی موت واقع ہوئی۔ امدادی کارکنوں نے کان سے لاش نکال کر اسپتال منتقل کی۔ بعد ازاں لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں
بلوچستان کی کوئلہ کانوں میں یہ کوئی پہلا حادثہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی ایسے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔ اکثر واقعات میں ایک بات مشترک ہے کہ بہت کم کان کن زندہ بچ پاتے ہیں، جب کہ زیادہ تر حادثات میتھین گیس بھرنے کے باعث پیش آتے ہیں۔
ان واقعات میں رواں سال 31 جولائی کو کوئٹہ سے مشرق کی جانب 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع علاقے سورینج کی کوئلے کی کان میں میتھین گیس کے دھماکے کے نتیجے میں 34 کان کن جاں بحق ہوئے۔ ان میں سے 28 کان کنوں کا تعلق شانگلہ کے گاؤں پیر آباد سے تھا۔ دھماکے کے وقت 36 کان کن کان کے اندر کام کر رہے تھے۔
سالانہ 200 مزدور جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں: پیر محمد کاکڑ
پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری پیر محمد کاکڑ نے پاک ٹوڈے کو بتایا کہ کوئلہ کانوں میں کام کے دوران مزدوروں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے، بلکہ یہ روز کا معمول بن چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سالانہ 200 مزدور کوئلہ کانوں میں اپنی جان گنوا دیتے ہیں، جب کہ 350 سے زائد کول ورکرز شدید زخمی ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانونی اور غیر قانونی، دونوں قسم کی کانوں میں صحت اور سلامتی سے متعلق قوانین پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ کوئلہ کانوں کے اندر کان کنوں کے تحفظ کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
بڑی کمپنیاں کام چھوٹے ٹھیکیداروں کو دے دیتی ہیں
پیر محمد کاکڑ کا کہنا تھا کہ بڑی مائننگ کمپنیاں، پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور بڑی نجی کمپنیاں مزدوروں کو حفاظتی آلات فراہم کرنے کے ساتھ ان کی تربیت بھی کرتی ہیں۔ کام کی جگہ پر منیجرز موجود ہوتے ہیں، جو کسی حد تک کان کنوں کے کان میں اترنے سے پہلے گیس چیک کرتے ہیں اور انہیں ہیلمٹ پہننے کا پابند بناتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل بڑی کمپنیاں خود کام کرنے کے بجائے چھوٹے ٹھیکیداروں کو لیز پر کانیں دے دیتی ہیں۔ یہ ٹھیکیدار کوئلہ نکالنے کے لیے دن رات دو دو شفٹوں میں غیر رجسٹرڈ مزدوروں سے کام لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ تحفظ اور صحت سے متعلق قوانین کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا۔ ان مزدوروں کو نہ کوئی تربیت دی جاتی ہے اور نہ ہی کام کی جگہ پر حفاظتی آلات فراہم کیے جاتے ہیں۔ ان میں زیادہ تر کم عمر اور ناتجربہ کار نوجوان شامل ہوتے ہیں۔
چیف مائن انسپکٹر: کانیں 4000 سے 4500 فٹ گہری ہیں
بلوچستان کے محکمہ معدنیات کے چیف مائن انسپکٹر محمد عاطف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کوئلے کی کانیں 4000 سے 4500 فٹ گہری ہیں، جس کی وجہ سے یہاں حادثات میں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔
ان کے مطابق دوسری وجہ یہ ہے کہ پورے بلوچستان میں کوئلے کی تقریباً 3000 کانیں ہیں، جن میں سے حالیہ خراب امن و امان کی صورت حال کے باعث 800 کے قریب بند ہو چکی ہیں، جب کہ تقریباً 2200 کانیں فعال ہیں۔ ان کی نگرانی کے لیے صرف 15 مائن انسپکٹرز تعینات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ مائنز مسلسل کوشش کر رہا ہے کہ حفاظتی اقدامات سے متعلق تمام شرائط پوری کی جائیں۔ ایسی متعدد کوئلہ کانیں جہاں حادثات پیش آتے ہیں یا مروجہ قوانین پر عمل درآمد نہیں ہوتا، انہیں بند کر دیا جاتا ہے۔
کان کنی بلوچستان کی سب سے بڑی صنعت
بلوچستان پاکستان کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا، مگر غریب ترین صوبہ ہے۔ یہاں صنعتی کارخانے اور روزگار کے دیگر مواقع نہ ہونے کی وجہ سے کان کنی سب سے بڑی صنعتوں میں شمار ہوتی ہے۔ ہزاروں خاندانوں کا روزگار اس شعبے سے وابستہ ہے۔ اس میں نہ صرف بلوچستان بلکہ خیبر پختونخوا کے اضلاع شانگلہ اور سوات کے علاوہ افغانستان سے تعلق رکھنے والے مزدور بھی کام کرتے ہیں۔
بلوچستان کے 9 اضلاع کوئٹہ، لورالائی، دکی، ہرنائی، سبی، بولان، کوہلو، مستونگ اور قلات میں کوئلے کی کانیں موجود ہیں۔ تقریباً 6 لاکھ افراد کا روزگار اس شعبے سے وابستہ ہے، جب کہ حکومت فی ٹن کوئلے پر 1800 روپے کے حساب سے ٹیکس وصول کرتی ہے۔
حادثات کی سب سے بڑی وجوہات کیا ہیں؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی کوئلہ کانوں میں تازہ ہوا کی کمی، گیس کی جانچ کے لیے جدید ڈیٹیکٹرز کی عدم دستیابی، حادثے کے وقت متبادل راستوں کا نہ ہونا اور زیادہ سے زیادہ کوئلہ نکالنے کے لیے کانوں کے اندر بارود کا غیر قانونی استعمال حادثات کی بڑی وجوہات ہیں۔
عدم تحفظ کے باعث لوگ کام چھوڑنے پر مجبور
کوئٹہ، ہرنائی، شارگ، دکی، مچھ اور ڈیگاری میں مزدوروں کے اغوا، پنجاب اور سندھ کو کوئلہ لے جانے والے ٹرکوں کو جلانے اور عدم تحفظ کے باعث بہت سے افراد اس کام کو چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
چیف مائن انسپکٹر بھی اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ بلوچستان میں کوئلے کی سالانہ پیداوار پہلے 40 لاکھ ٹن تھی، جو اب کم ہو کر 25 لاکھ ٹن رہ گئی ہے۔
پاکستان بجلی کی پیداوار، اینٹوں کے بھٹوں، سیمنٹ کے کارخانوں اور دیگر ضروریات پوری کرنے کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کا کوئلہ درآمد بھی کر رہا ہے۔