کراچی کے گلشن حدید میں گھر سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں برآمد

کراچی (پاک ٹوڈے): شہر کے علاقے گلشن حدید میں ایک نجی سوسائٹی کے گھر سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں میاں بیوی، ان کی دو کمسن بیٹیاں اور شوہر کی بہن شامل ہیں۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 40 سالہ شاہ زیب، ان کی 40 سالہ اہلیہ صبا، پانچ سالہ بیٹی ایزل، چار سالہ بیٹی آریہ اور شاہ زیب کی 18 سالہ بہن شمائلہ شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پانچوں افراد کی موت کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، جن کا تعین کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہلاکتوں کی اصل وجوہات سامنے لانے کے لیے شفاف تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

آئی جی سندھ نے متعلقہ حکام کو جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے، فرانزک تحقیقات سمیت تمام قانونی تقاضے پورے کرنے اور واقعے میں کسی مجرمانہ پہلو یا ملوث عناصر کے بارے میں حقائق سامنے لانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

گلشن حدید میں ایک ہی گھر سے پانچ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے نے کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں، تاہم حکام کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہلاکتوں کی اصل وجوہات واضح ہوسکیں گی۔

Related posts

اقرار الحسن عدالت میں پیش، 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

افغانستان میں امریکی فوجی اڈوں کی واپسی خطے کے ممالک کے لیے خطرہ ہے، روس

ریاض اور خمیس مشیط کی جانب داغے گئے تین بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا سعودی اتحاد کا دعویٰ