کراچی (پاک ٹوڈے): شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان الگ الگ مقابلوں کے دوران 4 زخمیوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق جوہرآباد پولیس کا فیڈرل بی ایریا بلاک 15 میں مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا۔
ادھر اقبال مارکیٹ پولیس نے اورنگی ٹاؤن کی خلیل مارکیٹ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں ایک زخمی ہے۔ زخمی ملزم کی شناخت زبیر احمد کے نام سے ہوئی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دوسرے گرفتار ملزم واحد علی کو تھانے منتقل کردیا گیا۔
محمودآباد میں ٹی پی ٹو کچرا کنڈی کے قریب بھی پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ چھیپا حکام کے مطابق دونوں زخمی ملزمان کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی شناخت اسد اور محمد آصف کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ہیں، جبکہ واقعات سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔