کراچی (پاک ٹوڈے): کراچی کے علاقے بفر زون میں گھر پر ڈکیتی کی واردات کے دوران پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان مارے گئے جبکہ ان کے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تیموریہ تھانے کی حدود بفر زون سیکٹر 15-A3 میں 7C اسٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں چار مسلح ملزمان ایک گھر میں داخل ہوکر ڈکیتی کررہے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان مارے گئے جبکہ ان کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال کلٹس کار، گھر سے لوٹا گیا سامان، ایک رائفل اور پستول سمیت دیگر اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کی شناخت اور فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔