کراچی (پاک ٹوڈے): شہر کے علاقے لانڈھی کی مظفر آباد کالونی میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں شوہر نے اپنی بیوی اور اس کے بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ ایک گھر میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے پہلے اپنی بیوی اور اس کے بھائی کو گولیاں ماریں اور بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے شوہر سے خلع لینے کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا اور دونوں کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے علیحدگی تھی۔ خاتون اپنے والدین کے گھر میں رہائش پذیر تھی۔
پولیس کے مطابق خاتون کی شادی تقریباً 15 سال قبل ہوئی تھی۔ واقعے کے بعد تینوں لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے سے متعلق مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
