کراچی: این سی سی آئی اے کے پی ای سی ایچ ایس میں 2 کال سنٹرز پر چھاپے، 70 سے زائد افراد گرفتار

کراچی (پاک ٹوڈے): نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں رہائشی عمارتوں سے چلنے والے 2 کال سنٹرز پر چھاپے مار کر 70 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔

این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق دونوں کال سنٹرز ایک ہی تنظیم کے زیر انتظام تھے اور مبینہ طور پر امریکی شہریوں کو نئے کریڈٹ کارڈز اور کم شرح سود والی مالی خدمات کی فراڈ اسکیمز کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا تھا۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے بعد 2 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 79 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایک مقدمے میں 48 جبکہ دوسرے میں 31 افراد نامزد ہیں۔ ملزمان کے خلاف الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون اور پاکستان پینل کوڈ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

این سی سی آئی اے کے مطابق کال سنٹرز رہائشی علاقوں میں قائم ہونے کے باعث ان کی نشاندہی مشکل تھی۔ کارروائی کے دوران ایک فعال خصوصی کسٹمر ریلیشن شپ مینجمنٹ سسٹم بھی قبضے میں لیا گیا، جسے مبینہ طور پر امریکی صارفین کی معلومات جمع کرنے، منظم کرنے اور ریکارڈ رکھنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

ایف آئی آرز کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ کال سنٹرز کے ایجنٹس خود کو امریکا کے ریگولیٹڈ مالیاتی اداروں کے مجاز نمائندے ظاہر کر کے صارفین سے سوشل سیکیورٹی نمبرز، موبائل نمبرز، تاریخ پیدائش، بینک اکاؤنٹس اور کریڈٹ کارڈز سے متعلق معلومات حاصل کرتے تھے۔

تفتیش کے مطابق یہ معلومات مقامی سرور پر قائم سی آر ایم سسٹم کے ذریعے کال سنٹر کے مالکان کو منتقل کی جاتی تھیں، جو مبینہ طور پر انہیں اپنے پارٹنر مرچنٹس کو فراہم کرتے تھے تاکہ غیر مجاز چارجز عائد کیے جا سکیں۔

این سی سی آئی اے نے کارروائی کے دوران قبضے میں لیے گئے کمپیوٹرز، سی آر ایم سسٹم اور دیگر ڈیجیٹل شواہد محفوظ کر لیے ہیں، جن کی فرانزک جانچ جاری ہے۔

حکام کے مطابق فرانزک تحقیقات کے ذریعے مبینہ نیٹ ورک کے دائرہ کار، صارفین کو نشانہ بنانے کے طریقہ کار، مالی لین دین کے ذرائع اور دیگر ممکنہ ملزمان کی نشاندہی میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

Related posts

وفاقی وزراء مسلسل دہشت گردی کو خیبرپختونخوا حکومت سے جوڑ رہے ہیں، شفیع جان

3 ہزار سے زائد روکی گئی گاڑیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ، گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم

ملاگوری واقعہ: ڈی پی او خیبر کو پولیس ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم، 7 روز میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت