اسلام آباد (پاک ٹوڈے): راولپنڈی اور اسلام آباد میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کے دوران خواتین سمیت 154 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار افراد پر قرض دینے والی ایپس کے ذریعے شہریوں کا موبائل ڈیٹا حاصل کرنے، تصاویر اور ویڈیوز میں ردوبدل کرکے انہیں بلیک میل کرنے اور آن لائن فراڈ میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔
نیشنل سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے (این سی سی آئی اے) کے ترجمان کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران دو غیر قانونی کال سینٹرز پر چھاپے مارے گئے۔ راولپنڈی میں ایک گھر میں قائم کال سینٹر سے 10 خواتین سمیت 11 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں کارروائی کے دوران 43 خواتین سمیت 143 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ نیٹ ورک جنوبی ایشیائی ممالک کے شہریوں کو بین الاقوامی سطح پر مالی فراڈ کا نشانہ بنا رہا تھا۔ ملزمان مبینہ طور پر قرض فراہم کرنے والی ایپس کے ذریعے صارفین کا موبائل ڈیٹا حاصل کرتے اور بعد ازاں تصاویر، ویڈیوز اور ذاتی معلومات کو استعمال کرتے ہوئے انہیں بلیک میل کرتے تھے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق گرفتار افراد میں سے 37 پر گزشتہ تین سال سے شہریوں کو بلیک میل کرنے میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
ادارے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شوئیب خان نے کہا ہے کہ غیر قانونی کال سینٹرز اور سائبر فراڈ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن بیٹنگ اور گیمنگ کے نام پر ہونے والے فراڈ کے خلاف بھی جلد کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
انہوں نے والدین اور شہریوں کو خبردار کیا کہ غیر قانونی کال سینٹرز میں ملازمت اختیار کرنے، اپنی تصاویر اور ذاتی معلومات نامعلوم افراد کے ساتھ شیئر کرنے اور آن لائن بیٹنگ و گیمنگ سرگرمیوں سے گریز کریں۔